لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کا راج برقرار ہے، غذر میں برفباری سے واٹر چینلز میں پانی جم گیا، شگر میں بھی برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے بارشوں کا نیا سپیل سردی کی شدت بڑھائے گا۔
تفصیلات کے مطابق، ملک میں کڑاکے کی سردی جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔ غذر میں رات سے جاری برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔ شدید سردی نے علاقے کے واٹر چینلز کو جما دیا جس سے ہائیڈل پاور سٹیشنز کی پیداواری صلاحیت متاثر ہونے لگی۔ شہریوں نے سردی سے بچنے کیلئے آگ کے گرد ڈیرے جمالئے۔
شگر اور گردونواح میں بھی آسمان سے سفید موتی خوب برسے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے آج کوئٹہ، راولپنڈی ڈویژن میں ہلکی بارش ہوگی۔ موسم سرما کی بارشوں کا سب سے بڑا سپیل پیر سے شروع ہوگا۔ پورا ہفتہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں بادل خوب برسیں گے، پہاڑوں پر بھی آسمان سے روئی کے گالے سردی کی شدت بڑھائیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہیگا۔ سب سے زیادہ سردی استور میں پڑی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بگروٹ میں منفی 8، کالام منفی07، سکردو منفی 6، ہنزہ منفی 05، مالم جبہ منفی 03 اور راولاکوٹ میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 05، لاہور 06، فیصل آباد 06، ملتان 08، پشاور 08، کوئٹہ 08 اور کراچی میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔