پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا پولیس نے نئے اضلاع میں قدم رکھنے کے لئے تیاری کر لی۔ خواتین اہلکاروں کی تعیناتی سمیت خاصہ دار اور لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے سمیت مراعات میں اضافہ کیا جائے گا۔
خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے نئے قبائلی اضلاع میں پولیس کے دائرہ اختیار کا تعین ہو گیا۔ کے پی پولیس سربراہ کے مطابق قبائلی عوام کی چادر اور چار دیواری کے تقدس کے لیے خواتین فورس بھرتی کی جائے۔
قبائل میں ڈیوٹی سرانجام دینے والی لیویز اور خاصہ دار فورس کو پولیس میں ضم کرنے سمیت تنخواہوں میں بارہ سے بائیس ہزار روپے تک اضافہ کیا جائے گا۔ آئی جی کے مطابق کسی کی بھی نوکری ختم نہیں ہوگی۔
خیبر پختونخوا پولیس سربراہ کے مطابق عدالتی احکامات کے مطابق قبائیلی اضلاع میں صوبے کے تما م قوانین نافذ ہیں۔ فاٹا میں پولیسنگ کے عمل کے آغاز سے جہاں قبائل میں احساس محرومی ختم ہوگا وہیں انہیں روزگار کے بھی بہتر مواقع ملیں گے۔