اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو پاؤں پر کھڑا کرنے کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خارجہ پالیسی صرف اپنے مفاد میں، آئندہ کوئی اپنی جنگ لڑنے کے لئے مجبور نہیں کرے گا، اپنے پاسپورٹ کی دنیا بھر میں عزت کرائیں گے
وزیراعظم عمران خان نے ”پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ“ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کا یہ حال بیڈ گورننس اور کرپشن کی وجہ سے ہے۔ منزل تک پہنچنے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، برے وقت میں ہی انسان کا پتا چلتا ہے، انشا اللہ یہی ملک دنیا کے لیے مثال بنے گا۔ ”پاکستان بناؤ سرٹفیکیٹ“ مشکل سے نکلنے میں مدد کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سہولیات میں مزید اضافہ کریں گے، زلفی بخاری اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں، بیرون ملک مقیم تمام پاکستانی بینکنگ سیکٹر کے ذریعے پیسہ بھیجیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نائن الیون کے بعد پاکستانیوں نے بڑی مشکلات کا سامنا کیا۔ اب ہم پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے اور کسی اور کی جنگ نہیں لڑیں گے، ہم سب سے پہلے پاکستان کا مفاد دیکھیں گے اور سبز پاسپورٹ کی دنیا بھر میں عزت کروائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا بہترین وقت ہے، اوورسیز پاکستانی’’پاکستان بناؤ سرٹفیکیٹ‘‘ خریدیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ ترکی میں 42 ارب، ملایشیا میں 22 ارب ڈالر سیاحت سے آتا ہے، ہم نے بھی دنیا کے لیے ویزے کو آسان بنا دیا ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار وسائل سے نوازا ہے، ہم ٹورازم سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پورا کر لیں گے۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ادائیگیوں کا بحران بہتر ہوا لیکن ختم نہیں ہوا۔ پاکستان کی تاریخ کا اس وقت سب سے مشکل دور ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں اتنا خسارہ پہلے نہیں تھا۔ آئی ایم ایف میں جانا آسان راستہ تھا لیکن اس کی شرائط بہت سخت تھیں، آئی ایم ایف میں جاتے تو مہنگائی میں مزید اضافہ ہو جاتا۔