اسلام آباد: (دنیا نیوز) بے نامی جائیدایں اور بینک اکاؤنٹ رکھنے والوں کے خلاف 8 فروری سے ایکشن شروع ہو جائے گا۔ بے نامی قانون 2017ء کے تحت ٹیکس حکام کے لیے رولز بن گئے، اطلاق یکم جنوری 2017ء کے بعد بے نامی جائیدادیں، گاڑیاں اور اکاؤنٹس بنانے والوں پر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق بے نامی قانون 2017ء ٹیکس حکام کے لیے رولز بن گئے، نوٹیفکیشن 7 فروری کو جاری ہوگا، بے نامی جائیداد 90 دن تک ضبط رہے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ایف بی آر حکام نے بتایا کہ قوائد وضوابط کی منظوری کے لئے قانونی مسودہ وزارت قانون کو بھجوا دیا گیا ہے۔
سنگل سروسز ٹیکس اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا جبکہ کسی کو بھی ایمنسٹی نہیں دی جائے گی۔ 6 ہزار ٹیکس چوروں کے خلاف نوٹس جاری ہو چکے ہیں جبکہ 204 نے نوٹس کا جواب دینے کے ساتھ ہی 2 ارب روپے کا ٹیکس بھی جمع کروا دیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں حکام کا کہنا تھا کہ دبئی میں جائیدادیں رکھنے والے تمام افراد کے کیساتھ یکساں سلوک کیا جا رہا ہے۔ علیمہ خان پر بھی وہ ہی قانون لاگو ہوگا جو ایک عام شہری کے لیے ہے۔ علیمہ خان کا جب نام سامنے آیا وہ جائیداد فروخت کر چکی تھیں، جائیداد کے مطابق ان پر 100 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔