اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ذرائع کے مطابق پاکستانیوں کے بیرون ملک یہ بینک اکاؤنٹس سپین، اٹلی، فرانس، جرمنی اور دیگر ملکوں میں ہیں۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق ایف بی آر کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ دنیا بھر سے پاکستانیوں کے 50 ہزار بینک اکاؤنٹس کا ڈیٹا مل گیا ہے۔ بیرون ملک موجود یہ بینک اکاؤنٹس سپین، اٹلی، فرانس، جرمنی اور دیگر ملکوں میں ہیں۔
ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ معلومات خفیہ رکھنے کے پابند ہیں۔ تاہم غیر ملکی بینک اکاؤنٹس رکھنے والوں میں زیادہ تر افراد کا تعلق کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اگلے دو سال میں کسی کے لئے بیرون ملک بینکوں میں اکاؤنٹ رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ قومی ادارے نے دبئی میں 537 افراد کی 1365 جائیدادوں کی تحقیقات کیں۔ دبئی میں 38 ارب مالیت کی 867 پراپرٹی ثابت کی جا سکیں۔ دبئی میں 316 افراد نے ایمنسٹی سکیم میں پراپرٹی قانونی بنائی، ایمنسٹی سکیم میں ایک ارب 20 کروڑ کا ٹیکس ملا۔