لاہور: (دنیا نیوز) نئی اور مہنگی گاڑیوں کے شوقین افراد اب تیار ہو جائیں، ایف بی آر نے بھی تفصیلات حاصل کرنے کے لئے اپنی گاڑی چوتھے گیئر میں ڈال دی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ذرائع کے مطابق مہنگی گاڑیاں خریدنے والوں سے تفصیلات طلب کرنے کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایف بی آر نے محکمہ ایکسائز سے بھی تعاون طلب کر لیا ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں رجسٹرڈ ہونے والی مہنگی اور بڑی گاڑیوں کے مالکان کی تفصیلات اکٹھی ہونے لگی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اب گاڑی مالکان کو بتانا ہو گا کہ گاڑی کب اور کتنے میں خریدی؟ گاڑی خریدنے کے لئے استعمال ہونے والی رقم کہاں سے آئی؟ اور اس پر ٹیکس ادائیگی ہوئی یا نہیں؟ ٹیکس گوشواروں میں گاڑی کو ظاہر کیا گیا یا گول کر دیا گیا؟
تمام تفصیلات حاصل ہونے کے بعد گاڑی مالکان سے سوالنامے کی صورت میں وضاحت طلب کی جائے گی۔