ذاتی رعایت کیلئے حکومت سے بات چیت نہیں ہوگی: خواجہ آصف

Last Updated On 06 February,2019 02:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے پروگرام 'دنیا کامران کیساتھ' میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ذاتی رعایت کیلئے حکومت سے بات چیت کر رہے ہیں نہ کریں گے، ترجیح ہوگی نواز شریف کا علاج لندن والے ڈاکٹر سے کرائیں، امید ہے عدلیہ سے ریلیف ملے گا۔

یاد ر ہے سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف کا لاہور کے سروسز ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا تنویر، خواجہ عمران نذیر اور دیگر نے سروسز ہسپتال میں نواز شریف کی عیادت کی۔

پارٹی رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومتی وزرا کے بیان سے ہمیں مزید تکلیف پہنچتی ہے، نواز شریف کو تشویش ہے کہ ملک روز بروز نیچے جا رہا ہے۔

سربراہ میڈیکل بورڈ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہا ہے کہ میڈٰیکل بورڈ نے اپنی تجاویز محکمہ داخلہ پنجاب کو بھیج دی ہیں، نواز شریف کے دل کا علاج سروسز میں ممکن نہیں، دل کے علاج کیلئے امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر کی ضرورت ہے۔