اسلام آباد: (روزنامہ دنیا ) وزارت خزانہ نے پاکستان بنائو سرٹیفکیٹ سکیم کے مکمل قواعد و ضوابط جاری کر دیئے جن کے مطابق صرف وہی سمندر پار پاکستانی ان سرٹیفکیٹ میں سرمایہ کاری کے اہل ہوں گے جن کے پاس کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ، نائیکوپ اور پاکستان اوریجن کارڈ ہوں گے۔
صرف وہی سمندر پار پاکستانی یہ سرٹیفکیٹ خرید سکیں گے جو اپنے ذاتی بینک اکائونٹس سے زرمبادلہ کی صورت میں رقم سٹیٹ بینک کو ارسال کریں گے۔ یہ سرٹیفکیٹ رجسٹرڈ ہوں گے جو انہیں ویب پورٹل کے ذریعے جاری کئے جائیں گے۔
سرٹیفکیٹ تین اور پانچ سال کیلئے جاری کئے جائیں گے۔ تین سال کے سرٹیفکیٹ پر شرح منافع 5 فیصد جبکہ 5 سالہ سرٹیفکیٹ پر شرح منافع 5.5 فیصد ہوگی یہ سرٹیفکیٹ زکوٰۃ اور ود ہولڈنگ ٹیکس کی کٹوتی سے مستثنٰی ہوں گے۔