اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا اور اس سلسلے میں تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا۔
اسلام آباد ڈی چوک میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مرکزی تقریب منعقد ہوئی، ریلی میں لوگوں کی بڑی تعداد نے کشمیروں سے یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔ تقریب میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جا رہا ہے
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے یہ عہد کیا کہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی، کشمیر آزاد ہوگا اور کشمیریوں کو ان کا حق ملے گا۔ یوم یکجہتی کشمیر پر آزاد کشمیر کو پاکستان سے ملانے والے تاریخی کوہالہ پل پر بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
سیکڑوں افراد نے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کی عوام کیساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا، ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے بھارت کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔ یوم یکجہتی کشمیر پر میر پور آزاد کشمیر میں لوگوں کی بڑی تعداد نے منگلا پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر کے دنیا سے یہ مطالبہ کیا گیا نہتے کشمیریوں پر مظالم کو بند کیا جائے۔
ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی یوم یکجہتی پر مختلف تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں۔ کرک اور ٹانک میں بھی ریلی میں کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ گلگت میں لالک جان شہید سٹیڈیم جوٹیال سے ریلی نکالی۔ راجن پور، ڈی آئی خان، پنگریو سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کشمیریوں کے حق کیلئے آواز بلند کی گئی۔