اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ سے سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری قابل تحسین ہے۔ تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری دونوں ممالک کے درمیان معاون ثابت ہو گی۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ ایوان بالا میں ایک مضبوط پاک سعودی دوستی گروپ قائم ہے۔ دوستی گروپ کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔ ہمارا مشترکہ مقصد علاقے کی خوشحالی اور ترقی ہے
اس موقع پر سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات ہر مشکل وقت اور آزمائش میں مستحکم رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔