اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کے نئے اراکین کی تقرری کا عمل شروع نہیں ہو سکا، سندھ اور بلوچستان کے اراکین الیکشن کمشن کی ریٹائرمنٹ کے 10 روز گزرنے کے باوجود وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت شروع نہیں کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے درمیان نئے اراکین الیکشن کمیشن کی تقرری سے متعلق بات چیت کا آغاز نہیں ہوا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکومت کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کے اراکین کا 13 مارچ تک تقرر کیا جائے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق کسی رکن کی ریٹائرمنٹ کے 45 روز کے اندر اندر نئے رکن کا تقرر کیا جانا ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کے اراکین 26 جنوری کو ریٹائر ہو گئے تھے۔