لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست ضمانت کی سماعت کرنے والے بنچ کی تبدیلی کیلئے نیب کی درخواست مسترد کر دی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار شمیم احمد خان نے نیب کی درخواست پر سماعت کی۔ نیب کے وکیل اکرم قریشی نے نشاندہی کی کہ شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ سماعت کر رہا ہے لیکن اعلیٰ عدالت کے فیصلے کے مطابق درخواست پر وہی بنچ سماعت کرے گا جو پہلے سماعت کرچکا ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار شمیم احمد خان نے باور کرایا کہ روز روز نئے بنچ نہیں بنائے جاسکتے، نیب پر پہلے ہی اعتراضات اٹھ رہے ہیں کیا اب نیب بینچ بھی اپنی مرضی سے بنوائے گا۔ چیف جسٹس نے نیب کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ کیس کی سماعت موجودہ بینچ ہی کرے گا۔
دوسری جانب حمزہ شہباز نے بیرون ملک قیام میں 15 روزہ توسیع کیلئے لاہو رہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ درخواست حمزہ شہباز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے دائر کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا کہ حمزہ شہباز کی نومولود بیٹی کی لندن میں ہارٹ سرجری ہے، عدالت حمزہ شہباز کو مزید 15 روز لندن میں قیام کی اجازت دے۔ درخواست میں یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ حمزہ شہباز بیٹی کی صحت یابی کے بعد فوری وطن واپس آجائیں گے۔