ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد کی پولیس وین پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ پروا کی حدود میں ماھڑہ اڈہ کے قریب نامعلوم افراد نے پولیس وین پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر ہی شہید ہوگیا جب کہ ایس ایچ او طاہر نواز سمیت دیگر اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں سپتال منتقل کردیا گیا، بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید 3 اہلکار دم توڑ گئے۔
شہید ہونے والے اہلکاروں میں سپاہی میرباز، سپاہی آصف، سپاہی سرفراز اور سپاہی جاوید شامل ہیں، پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد نے پولیس وین پر اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہوگئے، حملہ اچانک تھا مگر اسکے باوجود ایس ایچ او مردانہ وار دہشت گردوں سے لڑتا رہا۔