پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 9 اشتہاری ملزمان اور 50 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا، ملزمان سے اسلحہ و کارتوس بھی برآمد ہوئے۔
ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی کی ہدایات پر شہری علاقے فقیر آباد کی حدود میں مڈنائٹ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا گیا جس کے دوران سنگین مقدمات میں مطلوب 9 اشتہاری اور 50 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
آپریشن کے دوران 19 پستول، 4 رائفل اور 200 کارتوس برآمد ہوئے، اڑھائی سو گھروں کو بھی چیک کیا گیا، سرچ آپریشن میں لیڈی پولیس، سنیفر ڈاگ، بی ڈی یو، ایلیٹ فورس اور آر آر ایف کے جوانوں نے حصہ لیا۔