نیب کو شہباز شریف کی ضمانت چیلنج کرنا چاہیے، فواد چودھری

Last Updated On 14 February,2019 09:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی رہائی کو لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا نظام منہ چڑھا رہا ہے کہ ہمیں پکڑ کے دکھاؤ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نیب کو سوچنا چاہیے ان کی پراسیکوشن اور انویسٹی گیشن میں کیا خامی ہے؟ نیب کو بتانا چاہیے جب وہ بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالتے ہیں تو کیس منطقی انجام تک کیوں نہیں پہنچتا؟

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی رہائی نیب کے لیے لمحہ فکریہ ہے، ہمارا نظام منہ چڑھا رہا ہے کہ ہمیں پکڑ کے دکھاؤ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف گرفتار کہاں تھے؟ وہ تو پہلے بھی اسلام آباد میں آزادانہ گھوم پھر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ: شہباز شریف کی ضمانت منظور، رہا کرنے کا حکم

چیئرمین نیب کوسوچنا چاہیے کہ بڑے لوگوں کیخلاف ان کا کیس کیوں ناکام ہوتا ہے؟ نیب کو شہباز شریف کی ضمانت کو چیلنج کرنا چاہیے۔ یہ جو ضمانتیں ہو رہی ہیں اس پر پوری قوم مایوس ہیں۔ بڑے لوگ مچھلی کی طرح نکل جاتے ہیں۔ شہباز شریف کی ضمانت سے قوم پر منفی اثر پڑے گا۔