لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ جیسے ہی کوئی بڑا آدمی جیل جائے تو پھر بیمار ہو جاتا ہے۔ عدالت اور نیب دیکھے کہ جو سلوک عام قیدی کے ساتھ ہوتا ہے، وہی ان کیساتھ بھی ہونا چاہیے۔
لاہور میں وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں فواد چودھری نے اس دوران ہونے والے اہم فیصلوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گیس کے زائد بلوں حوالے سے شکایات سامنے آئی ہیں، گیس کے نرخ غریبوں کیلئے نہیں بلکہ امیروں کیلئے بڑھائے گئے ہیں، اس پر وزیراعظم عمران خان نے وزیر پٹرولیم کو زائد بلوں بارے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
فواد چودھری نے بتایا کہ اجلاس میں پنجاب کی گورننس بارے غور کیا گیا ہے۔ کل پولیس ریفارمز بارے ایک اور اجلاس اسلام آباد میں ہو گا جبکہ کل سے صحت کارڈ کا پہلا مرحلہ شروع کرنے جا رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں سانحہ ساہیوال کی فیملی سے اظہار یکجہتی کیا گیا ہے، متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق ایک الگ جماعت ہے، اس کے ساتھ اختلافات کی نوعیت زیادہ شدید نہیں ہے۔
سابق وزیراعظم کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ جیسے ہی کوئی بڑا آدمی جیل جائے تو پھر بیمار ہو جاتا ہے، نواز شریف کی صحت کا معاملہ ڈاکٹرز نے طے کرنا ہے۔ جو لوگ تیس سال اقتدار میں رہے ہوں اور بیرون ملک علاج کا کہیں تو انہیں شرم سے ڈوب مرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو سلیوٹ کرنے پر کسی پولیس اہلکار کو تبدیل نہیں کیا، ہم چھوٹے دل کے لوگ نہیں ہیں۔