فواد چودھری کا بیان، ق لیگ کا معاملہ وزیراعظم کیساتھ اٹھانے کا فیصلہ

Last Updated On 16 January,2019 06:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ق) نے فواد چودھری کے بیان پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، طارق بشیر چیمہ عمران خان کو تحفظات سے آگاہ کریں گے۔

 دنیا نیوز ذرائع کے مطابق طارق بشیر چیمہ آج وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر جو بات ہو گی وہ وزیراعظم سے ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مونس الہیٰ بھی وزیر اطلاعات کے تبصرے پر ناراضی کا اظہار کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا تھا کہ چاہتے تو ق لیگ میں فارورڈ بلاک بنا دیتے، تاہم بعد ازاں انہوں نے اس بیان کر معذرت کر لی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چودھری نے ق لیگ میں فارورڈ بلاک سے متعلق بیان پر معذرت کرلی

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے فارورڈ بلاک کا بیان دیا تو مسلم لیگ ق کی قیادت نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ جوابی ٹویٹ میں مونس الہیٰ کا کہنا تھا کہ ایسے بیانات سے اتحاد ختم ہو سکتا ہے۔ مونس الہیٰ نے اپنے ٹویٹ میں عمران خان سے یہ بھی مطالبہ کیا تھا کہ اپنے رہنماؤں کو ڈسپلن میں رکھیں۔

مسلم لیگ ق کے سخت ردعمل کے بعد فواد چودھری نے مونس الہٰی سے رابطہ کیا اور اپنے بیان پر معذرت کا ٹیکسٹ کر دیا۔ مونس الہیٰ کا کہنا ہے کہ رات گئے فواد چودھری کا معذرت کا میسج آ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ان کے منہ سے فارورڈ بلاک کے حوالے سے غلطی سے مسلم لیگ ق کا نام نکل گیا۔

 

Advertisement