نواز شریف اور زرداری کی سیاست ختم، این آر او نہیں ہوگا: فواد چودھری

Last Updated On 14 January,2019 09:48 am

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ایک چلا گیا جبکہ دوسرا بھی جیل جانے والا ہے۔ حکومت خوفزدہ ہے اور نہ بلیک میل ہو گی، مستحکم سیاست کی بنیاد رکھ دی، عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چودھری نے کہا کہ پہلے حکمرانوں کو پاکستان سے دلچسپی نہیں تھی، ان کا مقصد صرف اپنی تجوریاں بھرنا تھا، ہم پاکستان کے میگا ایونٹ کا کیلنڈر لا رہے ہیں جبکہ دنیا کے 66 ملک کے لئے ویزے کو ختم کر رہے ہیں تا کہ سیاحت کو فروغ مل سکے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں کوئی سیاسی چیلنج درپیش نہیں، نواز شریف اور آصف زرداری سیاسی طور پر ختم ہو چکے ہیں۔ دونوں نے پارلیمان کے اندر اور باہر سیاسی دباؤ ڈالا لیکن وزیراعظم عمران خان این آر او پر یقین نہیں رکھتے، ایک جیل چلا گیا جبکہ دوسرا بھی جانے والا ہے پھر خوب گزرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 23 جنوری کو نیا بجٹ سامنے لائیں گے، اب اصل بجٹ آ رہا ہے۔ نئے منی بجٹ میں معاشی استحکام لائیں گے۔ عوام صبر کریں اور پاکستان کی لیڈرشپ پر بھروسہ کریں حالات بہتر ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ میں سندھ اپنے وزارت کے معاملے کے سلسلے میں جا رہا ہوں، صوبہ سندھ پاکستان کا حصہ ہے وہاں جانے پر کیسے پابندی لگائی جا سکتی ہے؟

اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے درخواست کی کہ وہ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن سے دوستی کر لیں، وہ آپ کا دوست اور اچھا انسان ہے۔