اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ ٹرائل کورٹ نہیں ہے، اس نے آج قانونی فیصلہ دیا۔ یہ ایسا ہی فیصلہ ہے جیسے سپریم کورٹ نے پاناما کیس میں دیا تھا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں جے آئی ٹی بنائی گئی اور اس کیس میں جے آئی ٹی نیب کے حوالے کی گئی، سپریم کورٹ نے نیب کو انویسٹی گیشن کے لیے دو ماہ کا وقت دیا ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ بلاول بھٹو کی حد تک باتوں کی سمجھ آتی ہے، سپریم کورٹ نے یہ نہیں کہا کہ نیب بلاول اور مراد علی شاہ سے انویسٹی گیشن نہیں کر سکتی، تمام دائرہ مراد علی شاہ کے گرد گھومتا ہے، ہم نے آج دوبارہ ان کے استعفے کا مطالبہ دہرایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) میں سارے ڈاکیومنٹس بول رہے ہیں، مجھے لگتا ہے جس طرح نواز شریف کی سیاست ختم ہوئی، اسی طرح زرداری کی ختم ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول پر الزامات بینفشری کی حد تک ہے، بنیادی ملزمان زرداری، فریال تالپور اور مراد علی شاہ ہیں ان تینوں کا بچنا مشکل ہے، بلاول کو اپنی سیاست کرنے کا حق ہے۔