اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کے معاملے پر سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ ملنے کے بعد ناموں پر غور کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ آج وفاقی کابینہ کا طویل اجلاس ہوا جس میں وزارت قانون کی جانب سے بتایا گیا کہ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی تجویز پر کابینہ نے 172 لوگوں کے نام ای سی ایل میں شامل کیے گئے تھے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے 20 ناموں کو فوری نکالنے کی سفارش مسترد کر دی ہے، ای سی ایل میں شامل ناموں کا جائزہ کمیٹی لے گی۔ ابھی تک حکومت کو سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ موصول نہیں ہوا جس کا انتظار کر رہے ہیں، فیصلے کے بعد ہو سکتا ہے نظر ثانی کی درخواست سپریم کورٹ میں دیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کا کیس 2015ء میں شروع ہوا، سابق صدر آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا اس میں مرکزی کردار ہے اور ان پر سنگین الزامات ہیں۔