سپریم کورٹ کا فیصلہ قانونی طور پر بالکل درست ہے: فواد چودھری

Last Updated On 14 January,2019 02:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی سزا معطلی کا برقرار رکھنے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ قانونی طور پر درست قرار دے دیا تاہم انھوں نے اپنا پرانا بیانیہ بھی دہرایا کہ نواز شریف کی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم ہو چکی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں فواد چودھری نے کہا کہ ضمانت منسوخی کیلئےغیر معمولی وجوہات درکار ہوتی ہیں، اس فیصلے سے عملی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ساتھ ہی وزیر اطلاعات نے ن لیگ کو مشورہ بھی دے ڈالا کہ ن لیگ کو نئی قیادت منتخب کرنی چاہیئے، یہ اہم سیاسی جماعت ہے۔

واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی جبکہ ان کی بیٹی مریم نواز کو سات برس قید اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔ سابق وزیراعظم نے اس فیصلے میں سزا معطل کرنے کی اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ میں کی تھی جس کا فیصلہ نوازشریف کے حق میں آیا تھا اور اب سپریم کورٹ نے بھی ان کی سزا معطلی کے فیصلے پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔