سیاسی رہنماؤں نے سعودی ولی عہد کے دورے کو تاریخی قرار دے دیا

Last Updated On 17 February,2019 09:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سیاسی رہنماؤں نے سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کو تاریخی قرار دیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہبازکہتے ہیں ہر مرحلے پر سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ دیا، چیلنج کی کوئی آندھی دونوں ملکوں کے تعلقات پر اثرانداز نہیں ہوسکی۔ سراج الحق نے کہا کہ یقین ہے حکومت سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بات کرے گی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہبازنے اپنے بیان میں کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے سعودی عرب کے ساتھ باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات استوار کئے۔ ہر مرحلے پر سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ دیا، چیلنج کی کوئی آندھی دونوں کے برادرانہ تعلق پر اثرانداز نہیں ہو سکی۔ پاکستان اور سعودی عرب معاشی میدان میں ایک دوسرے کی بھرپور معاونت سے خطے میں اقتصادی انقلاب برپا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، شہزادہ محمد بن سلمان نے تخلیقی انداز میں سعودی معیشت استوار کرنے کا تاریخی اقدام اٹھایا۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سعودی ولی عہد کے دورے کو تاریخی قرار دیا، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں کے بعد دنیا نے پاکستان پر پابندیاں لگائیں لیکن سعودی عرب نےساتھ دیا، بھارت نے جب حملہ کیا تو اس وقت بھی سعودی عرب ہمارے ساتھ تھا۔ سراج الحق کا کہنا تھا سعودی عرب میں پاکستان کے 30 لاکھ لوگ کام کررہے ہیں، یقین ہے حکومت سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے بہترین مستقبل کےلیے بات کرے گی۔
 

Advertisement