سعودی عرب سے مزید 150 پاکستانی رہا، وطن واپس پہنچ گئے

Last Updated On 21 February,2019 11:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سعودی عرب سے رہا ہونے والے مزید 150 پاکستانی وطن پہنچ گئے۔ قیدیوں کی رہائی سعودی ولی عہد کے اعلان کی روشنی میں عمل میں آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وعدے کے بعد سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو رہا کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کا وطن واپسی کا سلسلہ شروع

سعودی عرب سے رہا ہونے والے مزید 150 پاکستانی وطن پہنچ گئے ہیں۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی۔ اس وقت معمولی جرائم میں ملوث 2 ہزار سے زائد پاکستانی سعودی جیلوں میں قید ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پانچ پاکستانی شہری رہائی ملنے کے بعد لاہور پہنچے تھے۔ پاکستانی شہری رہائی ملنے کے بعد لاہور پہنچ گئے ہیں۔ ایف آئی اے امیگریشن نے جانچ پڑتال کے بعد مسافروں کو گھروں کو جانے کی اجازت دے دی ہے۔

لاہور ائیرپورٹ پر پہنچتے ہی پاکستانی شہریوں نے سجدہ شکر ادا کیا اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے سامنے قیدیوں کا مسئلہ پیش کرنے کا خیر مقدم کیا۔ لاہور ائیرپورٹ پہنچتے ہی پانچوں قیدی آبدیدہ ہو گئے۔
 

Advertisement