اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں فلم اور ڈراموں کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، دونوں دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور استفادہ کریں۔
اسلام آباد میں وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سعودی ہم منصب ترکی الشبانہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اطلاعات، میڈیا، فلم، ڈرامہ اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔
دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان سے تخلیقی ذہنوں کو مل کر اسلام کے حقیقی پیغام کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اطلاعات فواد چودھری نے فلم اور ڈراموں کے شعبوں میں تعاون اور اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے سعودی وزیرِ اطلاعات کی دلچسپی کو سراہا۔
فواد چودھری نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورے سے نا صرف معاشی اور سٹریٹیجک تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات بھی مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے مذہبی تعلقات ہمیشہ مشکل وقت میں مزید مضبوط ہو کر سامنے آئے ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عوام اور سعودی قیادت سے گہری وابستگی اور محبت رکھتے ہیں۔ سعودی عرب کے ساتھ فلم، میڈیا، معلومات، ڈرامہ اور کلچر میں بھی تعلقات مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں، سعودی عرب میں پاکستانی فلم کی نمائش خوش آیند ہے۔ وزارت اطلاعات پاکستان میں میڈیا یونیورسٹی کے قیام کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔
فواد چودھری نے سعودی حکومت کو میڈیا یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے میں شراکت داری کی دعوت بھی دی۔