اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔
اجلاس میں مضر صحت دودھ کی فروخت کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ کابینہ کو کفایت شعاری اقدامات پر بھی بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری مہم پر من وعن عمل کرنے کی ہدایت کی۔
کابینہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر غور کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے۔
یوں اب شہباز شریف بیرون ملک نہیں جا سکیں گے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ وزیراعظم آفس کے اخراجات میں 31 فیصد کمی کی گئی ہے جس سے 30 کروڑ روپے کی بچت ہوئی ہے۔
کابینہ نے وزارتوں میں سیکرٹریز کی تعیناتی کے لیے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی قائم کرنے کی بھی منظوری دی۔ کمیٹی مشیر برائے سٹیبلشمنٹ کی سربراہی میں کام کرے گی۔
وزیر تعلیم شفقت محمود، سیکرٹری سٹیبلشمنٹ اور سیکرٹری وزیراعظم کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ سیکرٹری کی تعیناتی کی معمول کی مدت دو سال ہوگی۔ چھ ماہ بعد کارکردگی کا جائرہ لینے کے بعد مدت میں ایک سال کی توسیع دی جا سکے گی۔ کابینہ نے مختلف ممالک کے لیے ویزا اجرا کے عمل کو آسان بنانے کی بھی منظوری دی۔