اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں 20 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوگا، کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں انسداد منشیات پالیسی 2018ء پیش کی جائے گی، انفراسٹرکچر، مالیاتی منصوبوں میں پیپرا رولز کی چھوٹ کی منظوری، ای او بی آئی اور گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمینوں کی تعیناتی کی منظوری متوقع ہے، کابینہ پمز آرڈیننس 2019ء کے مسودے کی اصولی منظوری دے گی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2010ء میں ترمیم کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے، کابینہ زرعی ترقیاتی بینک کے صدر کی تعیناتی کی منظوری بھی دے گی، آزاد کشمیر کو پانی کی چارجز ادا کرنے کے لئے قائم کمیٹی کی سفارشات پیش ہوں گی، میری ٹائم فشریز ڈپارٹمنٹ کی وزارت بحری امور سے قومی غذائی تحفظ منتقلی بھی متوقع ہے۔