اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں 20 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
دنیا نیوز کو موصول دستاویز کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں انسداد منشیات پالیسی 2018 پیش کی جائے گی۔ انفراسٹرکچر اور مالیاتی شمولیت کے منصوبوں میں پیپرا رولز دو ہزار چار کی چھوٹ دینے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ پیپرا رولز پر چُھوٹ کی سمری وزارت خزانہ نے بھیج رکھی ہے۔ اسی طرح ای او بی آئی اور گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمینوں کی تعیناتی کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
کابینہ پمز آرڈیننس 2019 کے مسودے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ میں ترمیم اور زرعی ترقیاتی بینک کے صدر کی تعیناتی کی منظوری بھی دے گی۔ آزاد کشمیر کو پانی کے چارجز ادا کرنے کے لیے قائم کمیٹی کی سفارشات بھی اجلاس میں پیش کی جائیں گی جبکہ میری ٹائم فشریز ڈپارٹمنٹ کو وزارت بحری امور سے لے کر وزارت قومی غذائی تحفظ منتقل کرنے کی پربھی غور کیا جائے گا۔
کابینہ اجلاس میں قومی اقتصادی کونسل کے مالی سال 2017-18 کی رپورٹ پیش کی جائے گی جبکہ انسانی حقوق ڈویژن کو تیرہ ملین روپے کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری بھی دے جائے گی۔