راولپنڈی: (دنیا نیوز) میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے آخری سانس اور گولی تک ملک کا دفاع کریں گے، آپ نہیں، ہم آپ کو سرپرائز دیں گے، جنگ کی خواہش نہیں، تاہم کسی جارحیت کو سرپرائز نہیں سمجھیں گے، بھارتی جارحیت پر ردعمل ماضی سے مختلف ہوگا، 70 سال آپ کو دیکھا، آپ کیلئے ہی صلاحیتیں حاصل کیں، بھارت جنگ کی تیاریاں کر رہا ہے، دفاع کا حق رکھتے ہیں، بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کشمیری نوجوان نے بھارتی فورسز کو نشانہ بنایا، پاکستان نے اس بار جواب دینے کیلئے تھوڑا وقت لیا، پاکستان نے اپنے طور پر واقعہ کی تحقیقات کیں، تحقیق کے بعد وزیراعظم نے پلوامہ واقعہ پر جواب دیا۔ انہوں نے کہا بھارت پاکستان کی آزادی کو آج تک تسلیم نہیں کرسکا، اصل دہشتگردی بھارت نے کی جب مکتی بانی کے ذریعے حالات بگاڑے، مکتی باہنی کے کردار کو خود بھارتی وزیراعظم نے تسلیم کیا، بھارت نے ہمیشہ پاکستان کیخلاف سازشیں، دہشتگردی کی، 65 کی جنگ کے ہمارے ملک پر اثرات مرتب ہوئے۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا پاکستان میں جب بھی کوئی ایونٹ ہو بھارت میں ایسا واقعہ ہو جاتا ہے، بھارت نے اپنی ناکامیوں کے بعد پاکستان میں دہشتگردی کو ہوا دی، ملک میں 8 اہم ایونٹس ہو رہے تھے، سعودی ولی عہد دورہ پاکستان پر تھے، کانفرنس ہو رہی تھی، پاکستان میں پی ایس ایل میچز ہونے ہیں، کرتارپور راہداری کی ڈویلپمنٹ پر ایک میٹنگ ہونی تھی۔ انہوں نے کہا کلبھوشن کی صورت میں بھارتی دہشتگردی کا ثبوت موجود ہے، کلبھوشن کیس کی سماعت کے وقت ایسا واقعہ ہوا، مقامی گاڑی کے ذریعے پلوامہ میں حملہ کیا گیا، پلوامہ کا حملہ آور بھی مقامی کشمیری ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا جنگ اور پاکستانی میڈیا امن کی بات کر رہا ہے، بھارتی میڈیا جنگی صحافت کر رہا ہے، بھارت کھلاڑیوں پر پابندی، ٹماٹر بند کرنے کی باتیں کر رہا ہے، جنگ اور بدلے کی دھمکی بھارت نے دی، آپ امن، ترقی چاہتے ہیں تو خطے کا امن تباہ نہ کریں، ہمارا پیغام واضح ہے، بری نظر سے مت دیکھیں، امید ہے پاکستان کی طرف سے آپ کو پیغام مل گیا۔ انہوں نے کہا جنرل اسد درانی کے بارے میں ایک انکوائری ہو رہی تھی، جنرل (ر) اسد درانی نے فوجی قوانین کی خلاف ورزی کی، اسد درانی کی پنشن روک دی تھی، دیگر سہولتیں بھی ختم کر دیں، اسد درانی کا نام ای سی ایل پر ہے، وزارت داخلہ سے بات کریں گے، کوٹ مارشل مکمل ہونے تک آگاہ کیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس میں مسلح افواج کے سربراہوں کا پیغام دکھایا گیا جس میں عسکری قیادت نے کہا کسی بھی قسم کی جارحیت پر بھرپور جواب دیا جائے گا، مادر وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع اپنے خون سے کرینگے، آخری گولی اور آخری سانس تک دفاع وطن کیلئے سینہ سپر رہیں گے۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاک فوج کے 2 سینئر افسر زیر حراست ہیں، 2 سینئر افسران کیخلاف کارروائی جاری ہے، کورٹ مارشل مکمل ہونے تک آگاہ کیا جائے گا، دونوں افسران کا کورٹ مارشل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، ایران کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، ایران کے ساتھ مل کر سرحد کی صورتحال بہتر کریں گے، مسئلہ کشمیر خطے کے امن کیلئے بڑا خطرہ ہے، آئیے اسے حل کریں۔
میجر جنرل آصف غفور کا پریس کانفرنس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پلوامہ واقعہ پر پاکستان سے کسی تنظیم نے دعویٰ نہیں کیا۔ جیش کامطلب آرمی ہے، اس نام کو بہت سارے استعمال کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم گلوبل ورلڈ میں رہتے ہیں جہاں ملکوں کے درمیان جنگ میں بھی رابطے نہیں ٹوٹتے، بھارت کو سوچنا ہوگا کہ مذاکرات نہیں ہوں گے تو بات کیسے آگے بڑھے گی؟
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے نوجوانوں میں موت کا خوف ختم ہو گیا ہے۔ ایسی صورتحال کی وجہ سے کشمیر پر دنیا کی نظریں جم گئی ہیں۔ پہلی بار کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر زیر بحث رہا۔ میری ذاتی سوچ ہے کہ جلد یا بدیر کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا۔