دبئی: (دنیا نیوز) سابق صدر پرویز مشرف کا دبئی میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاک بھارت معاملات میں خطرناک حد تک ٹینشن ہے۔ ایٹمی جنگ خطرناک ہے، اس پر بات نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میرے دور میں بھی بھارت بارڈر پر فوجیں لے آیا تھا، جواب میں ہم بھی اپنی فوجیں بھی سرحد پر لے کر گئے۔ ایک رات اطلاع ملی بھارت آزاد کشمیر پر حملہ کرنے والا ہے، اسی رات ائیر چیف کو گھر بلایا اور حکم دیا کہ پوری قوت کے ساتھ تمام ائیر فیلڈ سے جواب دینا اور بھرپور جواب دینا ہے، اس پر بھارت بھاگ گیا۔
پرویز مشرف نے کہا کہ بھارت کی بہت سی کمزوریاں ہمارے پاس بھی ہیں، ہمیں ان کو ہدف پر رکھنا چاہیے۔ ہماری افواج بہت طاقتور ہیں، بھارت کے ساتھ ان سے برا سلوک کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بطور لیڈر سیکھ رہے ہیں، ہمیں ادارے مضبوط کرنے ہونگے۔ پاکستان کے خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔ پاکستان ایک طاقتور مسلم ملک ہے، ہمیں خود کو کمزور نہیں سمجھنا چاہیے۔