کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے لانڈھی میں نالے کا کچرا ایک اور بچہ نگل گیا۔ کل شام چار بجے گرے کم سن کو ابتک تلاش نہ کیا جا سکا، دوسرے دن بھی ریسکیو آپریشن شروع ہونے کا انتظار ہے جس کے سبب اہلخانہ پر ایک ایک پل بھاری پڑنے لگا ہے۔
حکام کو تو خیال نہ آیا، عوام خود نکل آئے۔ گزشتہ روز عارف نامی بچہ کھیلتے کھیلتے لانڈھی نالے میں گر گیا۔ 17 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی حکام نے پلہ نہ پکڑایا تو کراچی کے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت خود نالے میں اتر گئے۔
علاقے کے عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے نہ کوئی آیا نہ ہی کسی محکمے کے افسران نے پیش قدمی کی، اہل علاقہ نے ریسکیو آپریشن کے طویل انتظار کے بعد خود ہی 9 سالہ بچے کی تلاش شروع کر دی تاہم تاحال کامیاب نہ ہو سکے۔ اس صورتحال میں بچے کے والدین کا سانس اٹکا ہوا اور ایک ایک پل ان پر بھاری ہے۔