نوشہرہ: (دنیا نیوز) نوشہرہ کے علاقے شیدو میں واقع گھر میں گیس بھرجانے سے دھماکہ ہو گیا جس سے 9 افراد جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔ دوسرا واقعے میں کوئٹہ کے فدا محمد نے ہیٹر جلانے کی کوشش میں گیس لیکج دھماکے کا شکار ہو کر بری طرح جھلس گیا۔ تیسرا واقعہ خانیوال میں پیش آیا جہاں گیسی غباروں کا سلنڈر پھٹنے سے 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
نوشہرہو کی تحصیل جہانگیرہ کے علاقے شیدو میں گھر میں سوئے افراد گیس لیکج دھماکے سے زخمی ہو گئے۔ اہل علاقہ کے مطابق دھماکے بعد آگ لگ گئی تاہم ریسکیو اہکاروں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جن میں 6 بچے بھی شامل ہیں۔ ہسپتال حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دوسرے واقعے میں کوئٹہ پولیس کے مطابق سریاب روڈ پر برما ہوٹل کے قریب واقع رکشہ پارکنگ میں چوکیدار کے کمرے کی گیس لیک تھی جونہی چوکیدار فدا محمد نے ہیٹر جلانے کے لئے ماچس سے تیلی جلائی تو زوردار دھماکہ ہوا۔ چوکیدار شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طبی امداد کے لئے بی ایم سی ہسپتال کے برن یونٹ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرکے مطابق چوکیدار کے بدن کا 80 فی صد حصہ بری طرح جھلس چکا ہے۔
تیسرا واقعہ خانیوال میں پش آیا جہاں تلمبہ کے علاقے میں گیس سلنڈر پھٹنے سے دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہوئے ۔ غبارہ فروش بچوں کو غباروں میں گیس بھر کر دے رہا تھا کہ سلنڈر پھٹ گیا ۔ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔