راولپنڈی: (روزنامہ دنیا) حکومت پنجاب نے پانچ اضلاع میں کام کر نے والے ٹریفک وارڈنز کا 8 سال سے منجمد سپیشل ڈیلی الائونس بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسرز اور اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کو مراسلہ بھجوا دیا گیا۔
7 ہزار سے زائد وارڈنز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، تنخواہ میں 1700 روپے ماہانہ اضافہ ہو گیا۔ راولپنڈی، لاہور ، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آبادمیں ٹریفک وارڈنز کو پہلے 7300 روپے سپیشل ڈیلی الائونس دیا جاتا تھا جو 2012 میں منجمد کر کے عام ریٹ کے تحت ڈیلی الائونس 5600 روپے دینے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔
اس فیصلے کے خلاف راولپنڈی کے ٹریفک وارڈن رانا عرفان نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا، یہ معاملہ زیر سماعت ہے تاہم حکومت پنجاب کے فنانس ڈویژن نے گزشتہ روز اس کا نو ٹیفکیشن جاری کر دیا۔