لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف کو جیل سے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا، سابق وزیراعظم کو ہسپتال میں امراض قلب وارڈ میں داخل کیا جائے گا جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کیے جائیں گے، ہسپتال میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق نواز شریف کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی، سابق وزیراعظم کے کمرے کے باہر جیل عملہ تعنیات ہوگا، کمرے میں صرف اہلخانہ جا سکیں گے، نواز شریف کا معائنہ صرف میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹرز کریں گے۔
ادھرجناح ہسپتال کی دوسری منزل پر کارڈیو واسکولر سرجری وارٍڈ میں کمرہ تیار کیا گیا ہے، وارڈ میں نواز شریف کے مد مقابل کمرہ سیکورٹی والوں کے لیے مخصوص ہوگا، ہسپتال میں تین شفٹوں میں اہلکار تعینات کیے جائیں گے، ایک ڈی ایس پی، 2 انسپکٹر اور 80 اہلکار ایک شفٹ میں ہوں گے، ایلیٹ فورس اور سادہ لباس میں الگ الگ نفری تعینات ہوگی۔
سکیورٹی کا انچارج ایس پی ماڈل ٹاؤن علی وسیم ہوں گے، نواز شریف کے وارڈ کے باہر جیل عملہ تعینات ہوگا، نواز شریف کے کمرے کو جانے والے راستے پر تمام ڈاکٹرز اور رشتہ داروں کی تین جگہ چیکنگ کی جائے گی۔