پشاور: (دنیا نیوز) پشاور چالیس لاکھ کے قریب آبادی کا شہر لیکن مُردوں پر زمین تنگ ہو گئی، قبرستانوں پر نہ صرف بستیاں بنانے بلکہ خرید و فروخت کا سلسلہ ایک عرصہ سے جاری ہے۔
شہرمیں واقع رحمان بابا، بیری باغ اور اخون آباد سمیت سولہ سو کنال پرمحیط قبرستانوں میں قبضے کا عمل جاری ہے، کئی کنال سے زائد اراضی پر نہ صرف تعمیرات ہو چکی ہیں بلکہ قبضہ بھی کیا جا چکا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ اپنے مردوں کو دفنانے کے لیے جگہ نہیں ملتی۔
سابق حکومتوں کی طرح تحریک انصاف کی موجودہ حکومت بھی قبرستان مافیا کے سامنے بے بس دکھائی دیتی ہے، ضلعی انتظامیہ بھی کارروائی کے بجائے روایتی انداز میں جان چھڑانے کے بیانات داغنے لگی۔ اخون آباد اورملحقہ رحمان بابا میں 1600کنال پرمشتمل بڑا قبرستان اب سکڑ کرصرف 200 کنال رہ گیا ہے۔