اسلام آباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق نے کہا ہےکہ مدینے کی ریاست میں بچوں کو قتل نہیں کیا جاتا تھا، تحریک انصاف ماضی کی حکومتوں کی طرح عوام کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں لا سکی۔ آئندہ انتخاب کسی اتحاد کے بغیر اپنے جھنڈے تلے لڑیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکمران چھ ماہ بعد بھی کہتے ہیں کہ ہمیں موقع دیں، معلات سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت نے ابھی تک مدینہ کی اسلامی ریاست کے لیے ایک قدم بھی نہیں اٹھایا۔ غربت، بے روزگاری اور بدامنی سے لڑنے کی بجائے حکومت آپس میں دست و گریباں ہے۔
انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی یکم مارچ سے عوامی رابطہ مہم شروع کرے گی اور رابطہ عوام مہم کے ذریعے سکھ، عیسائی اور تمام اقلیتوں کے مسائل کی نشاندہی بھی کرے گی۔
سراج الحق نے کہا کہ سترسال سے ملک اشرافیہ کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے، آج بھی وہی اشرافیہ برسراقتدار ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزراء ادارے کو ٹھیک کرنے کی بجائے وقتی میک اپ کر کے اداروں کا بیڑہ غرق کر رہے ہیں.