مقامی حکومتوں کو اختیارات نہیں دینا تو آرٹیکل 140 ختم کر دیں: سپریم کورٹ

Last Updated On 27 February,2019 06:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا ہے کہ حکومت اگر مقامی حکومتوں کو اختیارات نہیں دینا چاہتی تو آرٹیکل 140 ختم کر دے، حکومت چلانا ارباب اقتدار کا اختیار ہے لیکن وہ قانون کی دیوار سے ٹکر نہ ماریں۔

سپریم کورٹ میں میئر لاہور اختیارات کیس کی سماعت، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی کیس کے فیصلے تک ایل ڈی اے افسران کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی، میئر فیصل آباد اور میئر قصور کی بھی کیس میں فریق بننے کیلئے درخواست

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ چیف سیکریٹری پنجاب کا ایل ڈی اے افسران کیخلاف مقدمات سے کوئی تعلق نہیں، مزید کارروائی عدالتی احکامات کے بعد کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا ڈی جی اینٹی کرپشن سٹیبلشمنٹ کی مدت ملازمت میں توسیع کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے کسی مقدمےمیں آمنہ عمران کو ملزم نامزد نہیں کیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے کے ہراساں کرنے سے متعلق خدشات بے بنیاد ہیں۔

جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ حکومت اگر مقامی حکومتوں کو اختیارات نہیں دینا چاہتی تو آرٹیکل 140 ختم کر دے۔ میئرلاہور کے وکیل نےکہا کہ ہمیں تو موجود فنڈز خرچ کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔

جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ حکومت چلانا عدالت کا کام نہیں، حکومت کا اختیار ہے لیکن وہ قانون کی دیوار سے ٹکر نہ مارے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی۔