کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے ہجرت کالونی میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے سول لائن تھانے میں تعینات پولیس اہلکار شہید ہو گیا، پولیس کا کہنا ہے مقتول پولیس اہلکار ساتھیوں کے ہمراہ کومبنگ آپریشن کے لیے جا رہا تھا کہ ملزمان نے فائرنگ کر دی۔
کراچی کے علاقے دہلی کالونی کا رہائشی پولیس اہلکار جہانگیر پیشہ ورانہ ڈیوٹی کے دوران دہشت گردوں کی گولیوں کو نشانہ بن گیا، لواحقین کے مطابق جہانگہر 5 بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ہجرت کالونی پولیس کے کومبنگ آپریشن پر جانے والے پولیس اہلکاروں پر دہشتگردوں نے فائرنگ کر کے سول لائن تھانے کا انٹیلی جنس اہکار جہانگیر شہید کردیا، ایس ایس پی ساوتھ پیر محمد شاہ کا کہنا تھا کہ 3 اہلکار ہجرت کالونی میں کومبنگ آپریشن سے قبل ریکی کے لئے جارہے تھے۔
آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساوتھ سے تفصیلات طلب کر لی ہیں جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرکے تفتیش شروع کردی۔