فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں مسلح افراد کی جانب سے بھرے بازار میں ڈنڈوں اور ہاکیوں سے نوجوان پر بیہمانہ تشدد کی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کر لی۔ خبر سامنے آنے پر آر پی او فیصل آباد نے نوٹس لیتے ہوئے سی پی او اشفاق احمد سے رپورٹ طلب کر لی۔
فیصل آباد میں تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ جج والا پُلی پر 4 مسلح افراد کیجانب سے دیرینہ رنجش کی بناء پر نوجوان کو ڈنڈوں اور ہاکیوں کی مدد سے بیہمانہ تشدد کانشانہ بنایا گیا جس کی فوٹیج بھی دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔
فوٹیج میں مسلح افراد کی جانب سے نوجوان کو بے رحمی کے ساتھ تشدد کا نشانہ بناتے بھی واضح دیکھا جاسکتا ہے۔ موقع پر موجود شہریوں کی جانب سے نوجوان کی جان بچانے کی کوشش تو کی گئی مگر کامیاب نہ ہوسکے جبکہ پولیس اس تمام تر واقع سے بے خبر رہی۔
دنیا نیوز پر خبر نشر ہوئی تو پولیس کو بھی ہوش آ گیا اور آرپی او فیصل آباد غلام محمود ڈوگر نے سی پی او اشفاق احمد سے واقع کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔