اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف بی آر اور ایف آئی اے نے ملک بھر میں منی لانڈرنگ کے زیر التوا مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں۔ وزیراعظم آفس نے یہ فیصلہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے اقدامات کے سلسلے میں کیا۔
ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے حکومت کے اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ملک بھر سے منی لانڈرنگ کے مقدمات کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔ وزیراعظم آفس کی ہدایت پر ایف بی آر اور ایف آئی اے نے خطوط ارسال کر دیئے ہیں۔
ایف بی آر نے خط میں لکھا ہے کہ منی لانڈرنگ کے تمام زیر التوا کیسز کی تفصیلات بتائی جائیں، اگر کسی کیس میں عدالت کا حکم امتناع ہو تو بھی آگاہ کریں، یہ بھی بتایا جائے کہ حکم امتناع سپریم کورٹ نے دیا ہے یا ہائیکورٹ نے؟ اور سٹے آرڈر ڈیوٹی یا ٹیکس کی کتنی رقم پر دیا گیا ہے۔