نانگا پربت پر پھنسے دونوں غیرملکی کوہ پیما ہلاک ہوگئے

Last Updated On 09 March,2019 10:19 pm

اسکردو: (دنیا نیوز) نانگا پربت پر پھنسے دونوں غیرملکی کوہ پیما ہلاک ہو گئے، اٹلی کے سفیر نے تصدیق کردی۔

برطانوی اور اطالوی کوہ پیما کا چوبیس فروری سے بیس کیمپ سے رابطہ منقطع تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں برطانوی کوہ پیما ٹوم بلارڈ اور اٹلی کے کوہ پیما ڈینل ناردی کوہ ہمالیہ میں واقع نانگا پربت پر مہم جوئی کے دوران لاپتہ ہوئے تھے جس کے بعد ان کی تلاش کا کام شروع کیا گیا تھا۔

 

نانگا پربت ریسکیو ٹیم کے سربراہ علی سدپارہ کا کہنا تھا کہ دونوں کوہ پیماؤں کی لاشیں کیمپ تھری کے پاس دکھائی دی ہیں اور ان کی لاشیں پہاڑ کے خطرناک حصے میں ہیں۔

نہوں نے کہا کہ اس موسم میں لاشیں لینے کیلئے جانا انتہائی خطرناک ہے اور ریسکیو ٹیم لاشوں کی نشاندہی کے بعد واپس اسکردو پہنچ گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دونوں کوہ پیما شدیدسردی اور طوفانی ہوا کے باعث ہلاک ہوئے ہیں جب کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں 4 غیر ملکی اور 3 پاکستانی کوہ پیماؤں نے حصہ لیا اور لاشوں کی نشاندہی جدید کیمروں کے ذریعے کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی کوہ ہمالیہ میں واقع پاکستان کی بلند ترین چوٹیوں میں سے ایک نانگا پربت کو سر کرنے کی کوشش کے دوران پھنس جانے والی فرانسیسی خاتون کوہ پیما کو ریسکیو کیا گیا تھا جبکہ پولینڈ کے کوہ پیما نہ مل سکے تھے۔