لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کو لاہور آمد پر نئے منصوبوں اور قانون سازی کے معاملات پر بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کو ترجیح دی جائے۔انہوں نے پنجاب کے بڑے اسپتالوں میں شیلٹر ہومز بنانے کی منظوری بھی دے دی۔
وزیر اعظم عمران خان نے ایوان وزیر اعلی میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب سے ون آن ون ملاقاتیں کیں، وزیر اعلی پنجاب سے ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم کو مختلف منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلی نے وزیر اعظم کو حکومت پنجاب کے مختلف اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم کی صدارت میں ہونے والے اعلی سطحی اجلاس میں پنجاب کے بڑے اسپتالوں میں شیلٹر ہومز بنانے کی منظوری دی گئی، پہلے مرحلے میں لاہور کے پانچ بڑے اسپتالوں میں شیلٹر ہومز بنائے جائیں گے۔
شیلٹر ہومز بنانے کے لیے اپٹما کے گروپ لیڈر گوہر اعجاز کی سربراہی میں پانچ ممبر پر مشتمل بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے، وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقوں کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست احساس کا نام ہے جو کمزور طبقوں کا سہارا بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے گھر اور مستحق افراد کا سہارا بننے کی مہم میں مخیر حضرات کا بڑھ چڑھ کر حصہ لینا حوصلہ افزاء ہے، وزیر اعظم کو سیاحت کے فروغ کے حوالے سے صوبائی وزیر سیاحت راجہ یاسر ہمایوں نے بریفنگ دی۔