اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات نے ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان کو اختیارات استعمال کرنے سے روک دیا، تنخواہ اور مراعات کی تفصیلات بھی طلب کر لیں، میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام پر اتفاق رائے نہ ہو سکا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کا پہلا اجلاس چئیرمین میاں جاوید لطیف کی صدارت میں ہوا۔ ارکان نے ایم ڈی پی ٹی وی کی عدم حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ارشد خان کے بطور ایم ڈی اختیارات معطل کرتے ہوئے تنخواہ اور مراعات کی تفصیلات مانگ لیں۔
مسلم لیگ ن دور کی وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے اپنے موجودہ ہم منصب سے اظہار ہمدردری کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی پی ٹی وی براہ راست وزیراعظم آفس کو بریفنگ دیتے ہیں، اس معاملے میں وزیر اطلاعات بالکل بے بس ہو چکے ہیں۔
وزی راطلاعات فواد چودھری نے کمیٹی کو میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے معاملے پر بریفنگ دی تاہم اتھارٹی کے قیام پر اتفاق رائے نہ ہو سکا۔ قائمہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کر دی۔