اسلام آباد: (دنیا نیوز) سندھ میں پھر حکومت کی تبدیلی کی باتیں ہونے لگیں۔ میاں محمد سومرو کا کہنا ہے سندھ میں حکومت کی تبدیلی کے کئی طریقے ہیں، جوڑ توڑ کا کام ہمیشہ جاری رہتا ہے۔
وفاقی وزیر میاں سومرو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہری ہوا بازی کا شعبہ مزید ترقی کرے گا، نئی ایوی ایشن پالیسی منظوری کے لئے کابینہ کو پیش کی جائے گی، نئی پالیسی کو تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا غیر ملکی ائیر لائنز پاکستان میں فضائی آپریشن شروع کرنے میں دلچسپی کا اظہار کر رہی ہے، فضائی آپریشن غیر ملکی ائیر لائنز کیلئے قوانین میں نرمی کی جا رہی ہے، پی آئی اے کی بحالی کے لیے جامع پلان تیار کیا جا رہا ہے، پی آئی اے کا بزنس پلان آئندہ تین ہفتوں میں پیش کیا جائے گا۔
صحافی نے وفاقی وزیر ہوا بازی سے سوال کیا کہ کیا آصف زرداری، فرالہ تالپور کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی سندھ میں حکومت بںائے گی، جس کے جواب میں محمد میاں سومرو کا کہنا تھا کہ جوڑ توڑ کا عمل ہمیشہ جاری رہتا ہے، سندھ میں حکومت کی تبدیلی کے کئی طریقے ہیں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر محمد میاں سومرو نے جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودا لگایا۔