اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواست پر سماعت منگل کے روز ہو گی۔ سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے۔
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ منگل کے روز نواز شریف کی درخواست پر کیس کی سماعت کرے گا۔ اس حوالے سے سپریم کورٹ میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی اعلامیہ کے مطابق کمرہ عدالت نمبر ایک میں محدود نشستوں کے باعث خصوصی سیکیورٹی پاس جاری کیے جائیں گے جبکہ کمرہ عدالت میں صرف وکلا، درخواست گزار اور فریقین کو جانے کی اجازت ہو گی۔
عدالتی کارروائی دیکھنے کے خواہشمند شہری ایس پی سیکیورٹی سپریم کورٹ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے طبی بنیادوں پر ہائیکورٹ کی جانب سے اپنی سزا معطل نہ ہونے کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے۔