لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف کا کہنا ہے ملکی قانون اور عدالتوں پر مسلسل اعتماد، دامن پر بدعنوانی کا کوئی داغ نہیں، ملکی مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھا، ابھی احتجاج نہیں، صبر کریں۔
نواز شریف نے کوٹ لکھپت جیل سے نون لیگی کارکنان کے لیے پیغام جاری کیا ہے۔ اپنے پیغام میں سابق وزیراعظم نے کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ اپنے جذبات پر قابو رکھیں اور پارٹی قیادت کی اجازت کے بغیر کسی قسم کا احتجاج نہ کریں، کارکنان 23 مارچ کو صرف یوم پاکستان منائیں۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ میں اپنی صحت کے حوالے سے قوم کی فکر مندی، دعاؤں اور نیک تمناوں کے لئے تہہ دل سے مشکور ہوں۔
سابق وزیراعظمنے مزید کہا مسلم لیگ نون کے کارکنان اور چاہنے والے جس طرح مشکل وقت میں ثابت قدم رہ کر میرا ساتھ نبھا رہے ہیں، اس کی مثال ملنا مشکل ہے، مجھے علم ہوا ہے کہ میری صحت کے حوالے سے فکر مند اور پریشان کارکن اپنے جذبات کے اظہار کے لئے اکٹھا ہونا چاہتے ہیں اور میرے حق میں آواز اٹھانے کے لئے شاید کوئی احتجاج ترتیب دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کسی بھی طرح کا فیصلہ کرنے سے پہلے پارٹی ہائی کمان کی ہدایات، پارٹی ڈسپلن کا احترام اور پارٹی پلیٹ فارم کا استعمال ضروری ہے، میں آپ سے التماس کرتا ہوں کہ 23 مارچ کو اپنے اپنے علاقوں میں صرف یوم پاکستان منائیں، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کریں۔
نواز شریف نے کہا کہ میں اپنے چاہنے والوں کے جذبے کی بے حد قدر کرتا ہوں، مگر آپ سب سے اپیل ہے کہ میری طرح اللہ تعالی کی رحیم ذات پر بھروسہ رکھیں اور صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ انشاءاللہ کسی بھی امتحان کی صورت میں جماعت کارکنوں کے جذبات کی ترجمانی کرے گی اور ان کی امیدوں پر پورا اترے گی، میں، محمد نواز شریف کوٹ لکھپت جیل سے آپ کی محبت اور جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں۔