لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے سابق ارکان اسمبلی اور سابق وزرائے اعلی پر بھی مراعات کی بارش کر دی، سابق ارکان اسمبلی کو تاحیات مفت علاج اور ادویات ملیں گی، سابق وزرائے اعلی کو لاہور میں گھر، گاڑی، سکیورٹی سمیت بہت کچھ ملے گا۔
سابق ارکان پنجاب اسمبلی کو ان ڈور اور آؤٹ ڈور علاج کا استحقاق قانونی طور پر دے دیا گیا، پہلے یہ استحقاق صرف موجودہ ارکان اسمبلی کو حاصل تھا، جو موجودہ رکن اسمبلی کو میڈیکل سہولتیں حاصل ہیں وہی سابق رکن پنجاب اسمبلی کو حاصل ہوں گی۔
ارکان پنجاب اسمبلی نے اپنی تنخواہ بڑھالی
سابق وزرا اعلی پنجاب پر بھی مراعات کی بارش کر دی گئی۔ 2002 کے انتخاب کے بعد کم از کم 6 ماہ وزیراعلی رہنے والا مراعات کا اہل ہوگا۔ سابق وزرا اعلی پنجاب کو سکیورٹی کے لئے 2500 سی سی گاڑی ملے گی۔ 5 سکیورٹی اہلکار اور ڈرائیور کی فراہمی بھی حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔
سابق وزرائے اعلی پنجاب کو ایک پرسنل سیکرٹری، 2 جونئیر کلرک بھی ملیں گے، ذاتی استمعال کے لئے ایک نئی کار اور ڈرائیور بھی حکومت فراہم کرے گی۔ 10 ہزار روپے ماہانہ ٹیلی فون الاونس بھی سابق وزرائے اعلی کی مراعات میں شامل ہے۔ سابق وزیراعلی کو مناسب سرکاری رہائش گاہ بھی تاحیات ملے گی۔ گھر اس سابق وزیراعلی کو ملے گا جس کی لاہور میں رہائش گاہ نہیں ہوگی۔ سابق وزرائے اعلی، سابق ارکان اسمبلی، سابق سپیکر اور ڈپٹی سپیکرز بھی آفیشل پاسپورٹ کے اہل ہوں گے۔