لاہور: (دنیا نیوز) ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل اسمبلی میں باضابطہ پیش کر دیا گیا، سپیکر نے بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ تنخواہ 80 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ کرنے کی تجویز دے دی گئی۔
بل ایوان میں پیش کرنے کی تحریک حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے بل اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ کمیٹی بل کی منظوری دے کر دوبارہ ایوان کو حتمی منظوری کے لئے بھیجے گی۔ بل میں اراکین اسمبلی کی تنخواہ اور مراعات 83 ہزار ماہانہ سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے تک کرنے کی تجویزکی گئی ہے۔
ارکان اسمبلی کی بنیادی تنخواہ 18 ہزار روپے سے بڑھ کر 80 روپے ماہانہ کرنے کی تجویز کی گئی۔ ڈیلی الاؤنس 1 ہزار سے بڑھ کر 4 ہزار، ہاؤس رینٹ 29 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے تجویز کی گئی۔ یوٹیلیٹی الاؤنس 6 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے تجویز کیا گیا ہے۔
مہمانداری کا ماہانہ الاونس 10 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کرنے کی تجویز کی گئی ہے، اس وقت ارکان اسمبلی کو 83 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ اور مراعات مل رہی ہیں، نئے بل کی منظوری کے بعد ارکان اسمبلی کو 192000 روپے تنخواہ اور مراعات ملیں گی۔