اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان آج لاہور میں 8 اعلی سطحی اجلاسوں کی صدارت کریں گے، وزیراعلی پنجاب اور گورنر پنجاب سے بھی صوبے کے امور پر ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ لاہور میں پنجاب کے 8 مختلف محکموں کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ وزیراعظم ایوان وزیراعلی پہنچتے ہی وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعلی پنجاب، وزیراعظم کو صوبے میں اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔
گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ گورنر پنجاب صاف پانی اور یونیورسٹریز کے امور پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیں گے۔ وزیر اعظم کو انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔
وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کاروباری سرگرمیوں کے لئے سہولتوں کے اقدامات پر بریف کریں گے، پناہ گاہ منصوبے بارے بھی وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی جائے گی۔ محکمہ صحت میں اٹھائے جانے والے اقدامات بارے ڈاکٹر یاسمین راشد بریفنگ دیں گی، کلین اینڈ گرین پنجاب بارے وزیر بلدیات بشارت راجہ وزیر اعظم کو بریف کریں گے۔
ریونیو اتھارٹی کے حکام بھی وزیراعظم عمران خان کو بریف کریں گے، پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات بارے بھی وزیراعظم کو بریف کیا جائے گا۔ فوڈ اتھارٹی بھی پنجاب میں اٹھائے جانے والے اقدامات سے وزیراعظم کو آگاہ کرے گی۔