اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد قومی مفاد میں کیا جا رہا ہے۔ پاک بھارت کشیدہ صورت حال میں مزید بہتری لانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ پاکستان ذمہ دار ملک کے طور پر قیام امن کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں قومی سلامتی سے متعلق اہم فیصلوں پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا گیا اور نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کابینہ کو نیشنل ایکشن پلان میں پیش رفت پر بریفنگ دی۔ کابینہ نے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر تمام جماعتوں کا اتفاق رائے ہے۔ تمام پارٹیوں کے طے شدہ فیصلے کے مطابق ایکشن پلان پر عمل ہو گا۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہمارے اپنے مفاد میں ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کابینہ ارکان کو پاک بھارت کشیدہ صورت حال سے متعلق آگاہ کیا جس پر کابینہ ارکان نے صورتحال معمول پر لانے کے لیے وزیراعظم کے اقدامات کی تعریف کی۔
کابینہ اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد قومی مفاد میں کیا جا رہا ہے جبکہ پاک بھارت کشیدہ صورت حال میں مزید بہتری لانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ پاکستان ذمہ دار ملک کے طور پر قیام امن کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔