کوئی بھی طاقت یا دھمکی سے ہمیں نہیں جھکا سکتا: آرمی چیف

Last Updated On 07 March,2019 09:46 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں علاقائی سلامتی کی صورت حال اور پاک بھارت کشیدگی پر بات چیت کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں عسکری قیادت نے اس عزم کا دوبارہ کیا کہ دفاع وطن کے لیے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پلوامہ واقعہ کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر تشویش ہے۔ بھارتی سیکیورٹی فورسز لائن آف کنٹرول پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اعلامیہ میں کہا گیا کہ بھارتی جارحیت سے خطے کی سلامتی کو خطرہ ہے۔ عالمی برادری بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں نیشنل ایکشن پلان 2014ء پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے افواج کے مورال اور قوم کے جذبے کا سراہا اور کہا کہ مسلح افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔


آرمی چیف کا کور کمانڈر کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان امن، استحکام اور ترقی کے مثبت راستے پر گامزن ہے۔ کوئی بھی طاقت کے استعمال یا دھمکی سے ہمیں نہیں جھکا سکتا۔ پالیسی اور طاقت کا استعمال صرف ریاست کا ہی اختیار ہے۔

 

Advertisement